راولاکوٹ: سوشلسٹ کشمیر کانفرنس

مورخہ 6 جولائی کوجموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’’سوشلسٹ کشمیر کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سائنسی سوشلزم تاریخ کا واحد سچ ہے جو انسانیت کے بہتر اور محفوظ مستقبل کی نوید ثابت ہو سکتا ہے۔ سوشلزم کشمیر سمیت تمام محکوم قومیتوں کے قومی اور طبقاتی استحصال کے خاتمے کا ضامن نظریہ ہے جس پر کاربند ہوتے ہوئے اس خطہ سے سرمایہ داری کا خاتمہ کر کے ایک غیر طبقاتی اور استحصال سے پاک سماج کا قیام عمل میں لایا جا سکتا ہے۔ قومی جمہوری انقلاب اور سرمایہ دارانہ بنیادوں پر قومی علیحدگی کے نظریات تاریخ کی کسوٹی پر متروک ہو چکے ہیں، سرمایہ دارانہ نظام عالمی طور پر متروک ہو کر پوری دنیا میں انسانیت کو بربریت میں دھکیل رہا ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، توانائی کا بحران، غربت، لاعلاجی، جہالت اور فرسودگی دنیا کی بڑی اکثریت کا مقدر بن چکی ہے جبکہ ایک فیصد حکمران طبقات پوری دنیا کی دولت پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں، ایسے حالات میں سرمایہ داری نظام کو اکھاڑے بنا کسی بھی محکوم قومیت کے قومی اور طبقاتی استحصال کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ 

 قبل ازیں جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام تمام بین الاقوامی انقلابی تحریکوں کی حمایت میں اور طلبہ یونین پر پابندی، طبقاتی نظام تعلیم، مہنگائی، بیروزگاری، غربت اور جہالت کیخلاف ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں آزادکشمیر سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے نوجوانوں نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی مقامی ہوٹل میں جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی جس کی صدارت جے کے این ایس ایف کے مرکزی صدر کامریڈ راشد شیخ نے کی جبکہ کانفرنس سے پی ٹی یو ڈی سی پاکستان کے آرگنائزر کامریڈ آدم پال، جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر و سابق مرکزی صدر این ایس ایف سردار جاوید نثار ایڈووکیٹ، مرکزی آرگنائزر پراگریسو یوتھ الائنس کامریڈ امجد شاہسوار، فیصل آباد کی انقلابی رہنما کامریڈ عصمت، پی ایس ایف جام پور کے رہنما شہریار ذوق، بلوچستان سے انقلابی رہنما سرتاج حیدر، پی پی پی راولپنڈی کے اسحاق میر، پی ایس ایف تحصیل راولاکوٹ کے صدر توصیف فاروق، ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کے رہنما کامریڈ فرحان، سیالکوٹ سے انقلابی رہنما کامریڈ قیصر عباس، پی ٹی یو ڈی سی کشمیر کے آرگنائزر کامریڈ یاسر ارشاد، پی ایس او پونچھ یونیورسٹی کے رہنما اعتزاز احسن، کامریڈ سیلمان، حیدرآباد سے بی این ٹی کے رہنما کامریڈ راہول، این ایس ایف کے ضلعی صدر ابرار لطیف اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مرکزی سیکرٹری جنرل این ایس ایف کامریڈ خلیل بابر نے ادا کئے۔ مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں ابھرنے والی محنت کشوں کی بغاوتیں سرمایہ داری نظام کی تاریخی متروکیت کو عیاں کر رہی ہیں، مصر میں عوامی انقلاب ایک مرتبہ پھر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ ترکی، برازیل، یورپ بھر سمیت پوری دنیا میں جاری انقلابی تحریکوں اور انقلابی بغاوتوں میں اگر کسی چیز کی کوئی کمی ہے تو وہ صرف اور صرف ایک انقلابی قیادت کا فقدان ہے جو سرمایہ داری کے خاتمے کے راستے کی رکاوٹ کے طو رپر موجود ہے۔ کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کو پاکستان اور بھارت کے محنت کشوں کی جدوجہد سے طبقاتی بنیادوں پر جوڑتے ہوئے برصغیر کی سوشلسٹ فیڈریشن کا قیام عمل میں لا کر ہی پورے خطے سے قومی اور طبقاتی محرومیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ کشمیر اور پاکستان بھر میں انقلابی نوجوان سائنسی سوشلزم کی نظریات سے لیس ہوکرایک انقلابی پارٹی کی تعمیر میں مصروف عمل ہیں، اس خطے میں ابھرنے والی تحریک کو قیادت کے بحران کا سامنا ہر گز نہیں کرنا پڑ یگا اور اس خطے سے سرمایہ داری نظام کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جائیگا۔